17 نومبر 2016 - 15:11
اسرائیل اور ہندوستان کے درمیان دفاعی امور میں مزید تعاون پر اتفاق

ہندوستان اور اسرائیل نے دہشت گردی سے ملکر مقابلہ کرنے کیلئے باہمی تعاون کے علاوہ موجود دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور اسرائیل نے دہشت گردی سے ملکر مقابلہ کرنے کیلئے باہمی تعاون کے علاوہ موجود دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہندوستانی وزیر اعظم اور اسرائیلی صدر کے درمیان تفصیلی مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آبی وسائل، تعلیم اور تحقیق کے اہم شعبوں میں اپنے تعلقات کو مذید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اس موقع پر زراعت اور آبی وسائل میں تعاون کو مضبوط کرنے سے متعلق دو معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔ مودی نے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کی کوئی سرحدیں نہیں اور اسکی دیگر منظم جرائم کیساتھ جڑیں ہیں۔ اسرائیلی صدر نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے اور ان کا ملک ہندوستان میں اور ہندوستان کے ساتھ دفاعی ہتھیار بنانے کیلئے تیار ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی طلبا نے نئی دہلی میں مظاہرے کرکے اسرائیلی صدر سے اپنے ملک سے چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے- نئی دہلی میں گزشتہ روز ”اسرائیل مردہ باد“ ”امپیریل ازم مردہ باد“ اور ”فلسطین زندہ باد“ کے نعرے لگائے اور غرب اردن اور غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کی، نیز اسرائیلی صدر ریووین رولن سے بھارت سے چلے جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت سے اپنے تعلقات منقطع کرلے۔

اسرائیلی صدر ریووین رولن، ہندوستانی صدر پرناب مکھرجی کی دعوت پر ہندوستانیکے چھ روزہ دورے پر ہیں۔ ہندوستانی مسلمان بھی اس دورے کیخلاف جمعہ کو، نماز جمعہ کے بعد نئی دہلی میں مظاہرے کریں گے۔

.......

/169